حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سرپرست آیت اللہ علی رضا اعرافی نے فلسطین میں جنگ بندی کے اعلان پر جاری اپنے ایک پیغام میں معصوم بچوں کی قاتل صیہونی غاصب حکومت کے خلاف فلسطینی مقاومتی گروہوں کی شاندار فتح کا ذکر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔ ان کے پیغام کا متن کچھ اس طرح ہے:
وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِينَ بِأَنَّ لَهُم مِّنَ اللَّهِ فَضْلًا كَبِيرًا (احزاب: ۴۷)
فلسطینی مقاومتی گروہوں کی جانب سے باعزت اور کامیاب جنگ بندی کی خبر، مقاومتی محاذ، تمام مسلمانوں اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں کے لیے خوشی اور سربلندی کا باعث بنی۔
بچوں کے قاتل صیہونی حکومت کو فلسطینی مقاومتی گروہوں، بالخصوص حماس جیسی بہادر تحریک کے ہاتھوں شدید اور شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاں صیہونی ہمیشہ ان کے خاتمے کی دھمکیاں دیتے تھے، مگر اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کے بعد دنیا نے مقاومتی قوتوں کی طاقت کو بھی تسلیم کیا۔
یہ عظیم کامیابی غزہ کے عوام کے صبر، فلسطین، لبنان، یمن اور عراق سمیت تمام مقاومتی محاذوں کے مجاہدین کی بہادری اور شہداء کے مقدس خون کی برکت کا نتیجہ ہے، جو "طوفان الاقصی" کی کامیاب کارروائیوں کا تسلسل ہے۔
عالمی جرائم کا محور، امریکا اور چند دیگر بے شرم مغربی ممالک کی حمایت اور صیہونی حکومت کی سرپرستی میں پچھلے تقریباً ۴۶۵ دنوں کے دوران غزہ کے نہتے عوام، معصوم عورتوں اور بچوں کو خون میں نہلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا رہا۔ اس دوران اس نے اپنی مکروہ اور منفور چہرے کو دنیا کے سامنے مزید آشکار کیا۔
بچوں کے قاتل اس ظالم حکومت نے واضح کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کسی بھی قسم کے خطرناک اقدامات کر سکتی ہے لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی فلسطینی مسلمانوں کی اس بڑی کامیابی کے ثمرات کو ماند کرنے میں ناکام رہے گی۔
یہ عظیم کامیابی نصرتِ الٰہی ہے جیسا کہ رہبر معظم انقلاب نے بھی فرمایا تھا کہ مقاومت زندہ ہے اور یقینی طور پر فتح مقاومتی محورکی ہی ہوگی۔ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں یہ جدوجہد قدس شریف کی آزادی، حق کے مکمل غلبے اور مہدوی عالمی حکومت کے قیام تک جاری رہے گی۔
اللہ تعالیٰ کا سلام اور درود ہو حماس کے دلیر مجاہدین، حزب اللہ لبنان، انصار اللہ یمن، عراق کے مقاومتی گروہوں اور محاذِ مقاومت کے تمام شہداء، خاص طور پر شہید یحییٰ سنوار، اسماعیل ہنیہ، شہید سید حسن نصر اللہ، شہید سید ابراہیم رئیسی اور شہید حسین امیر عبداللہیان پر، جن کی جدوجہد اس عظیم کامیابی میں شامل ہے اور یقیناً ان کی پاکیزہ ارواح اس کامیابی پر جنت میں خوش ہوں گی۔
میں پوری شیعہ روحانیت اور حوزہ علمیہ کی جانب سے اس عظیم کامیابی پر دنیا بھر کے آزادی پسندوں، فلسطینی مقاومتی گروہوں اور خطے کے تمام عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ یہ فتح جلد صیہونی حکومت کے مکمل خاتمے کا پیش خیمہ بنے، جو ان شاء اللہ قریب ہے۔ إِنَّهُمْ يَرَوْنَهُ بَعِيدًا وَنَرَاهُ قَرِيبًا (المعراج: ۶-۷)
علی رضا اعرافی
سرپرست حوزہ علمیہ
آپ کا تبصرہ